ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : کانگریس پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں ضلع سے 3 امیدواروں کے نام

بھٹکل : کانگریس پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں ضلع سے 3 امیدواروں کے نام

Tue, 13 Dec 2022 20:03:57    S.O. News Service

بھٹکل،13/ دسمبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے سیاسی گلیاروں میں یہ خبر گرم ہے کہ آئندہ چھ مہینوں کے اندر منعقد ہو رہے اسمبلی الیکشن کے لئے جنوری میں کانگریس پارٹی کے 150 امیدواروں کی جوپہلی  فہرست جاری ہونے والی ہے اس میں ضلع شمالی کینرا سے تین نام شامل ہونے کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔
    
سیاسی صورتحال کا جائزہ بتاتا ہے کہ کاروار حلقہ میں اگرچہ بی جے پی کے لیڈر کے لئے امیدوار منتخب کرنے رکاوٹ ابھی باقی ہے، لیکن کانگریس کے لئے وہاں کوئی بڑا مسئلہ نہ ہونے کی بات کہی جا رہی ہے ۔ کمٹہ حلقہ میں بی جے پی کا راستہ آسان ہے تو کانگریس کے لئے امیدوار منتخب ہونے میں مشکلات ہو سکتی ہیں ۔ اسی طرح سرسی - یلاپور حلقہ میں بی جے پی نے سروے اور متوقع امیدواروں کی نشاندہی کا ایک مرحلہ حل کر لیا ہے مگر کانگریس کے لئے امیدوار کی تلاش سرگرمی سے جاری ہے۔ 
    
بعض ذرائع سے ملی خبروں کے مطابق ادھر ہلیال میں کانگریس ٹکٹ کے لئے امیدواری کی جو الجھن ہے وہ تقریباً ختم ہوگئی ہے اور قطعی فیصلہ  پر مہر لگنا باقی ہے، جبکہ بی جے پی میں آخری مرحلہ پر الجھن پیدا ہونے کے امکانات دیکھے جا رہے ہیں ۔ بھٹکل - ہوناور حلقہ میں کانگریسی امیدوار کے تعلق سے پارٹی بڑی حد تک قطعی فیصلہ کے قریب پہنچ چکی ہے ۔ دوسری طرف بی جے پی کے لئے یہاں بھی ہلیال جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ 
    
اہم ذرائع سے ملی رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی نے الیکشن میں جیت درج کرنے والے امیدواروں کی فہرست تیار کرنے سے قبل تین چار الگ الگ ایجنسیوں کے ذریعہ ریاست گیر پیمانے پر سیاسی صورتحال کا سروے کروایا ہے ۔ الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں دہلی میں پارٹی کی اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی منعقد ہوچکی ہے اور ایک مہینے کے اندر امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ البتہ فہرست جاری کرنے کے بعد اگر کسی مقام پر بغاوت کا خدشہ ہو تو پھر ایسے مقامات پر امیدواروں کا نام پہلے مرحلہ میں قطعی طور پر طے ہونے کے باوجود اسے خفیہ رکھا جائے گا اور صرف متعلقہ امیدوار کو انتخابی تشہیر اور دوسری تیاریاں شروع کرنے کا اشارہ دیا جائے گا۔ 
    
ادھر بی جے پی کے ایک حلقہ میں اس بات پر تشویش جتائی جا رہی ہے کہ رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے نے اب سیاست سے الگ تھلگ ہونے اور پارٹی کے لئے انتخابی سرگرمیوں سے دور رہنے کی بات کہی ہے ۔ ان کے قریبی حلقہ سے تعلق رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ اننت کمار ہیگڈے اس بات سے ناراض ہیں کہ الیکشن میں پرچار کرنے اور پارٹی کو جیت دلانے کے لئے ان کا استعمال کیا جاتا ہے اور جب مرکز میں وزارت تقسیم کرنے کی باری آتی ہے تو انہیں کنارے رکھ دیا جاتا ہے ۔  وہیں پر بی جے پی کا ایک گروپ یہ بھی کہتا ہے کہ ہر مرتبہ الیکشن کے موقع پر پہلے آنا کانی کرکے اپنی اہمیت جتانے کی کوشش کرنا اننت کمار کی پرانی عادت ہے ۔ اب کی بار الیکشن میں پارٹی کے لئے سرگرمی سے حصہ نہ لینے کی بات کہتے ہوئے وہ اپنی اہمیت جتانے اور مرکز میں وزارتی قلمدان حاصل کرنے کے لئے پارٹی پر دباو بنانے کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں۔      


Share: